اورنگ آباد،02؍اپریل ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) بہار کے ضلع اورنگ آباد میں گزشتہ دنوں ہوئے پر تشدد واقعات کے کلیدی ملزم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر انل سنگھ نے آج یہاں اورنگ آباد کورٹ میں خودسپردگی کردی ۔ انل سنگھ پر اورنگ آباد تشدد کے علاوہ پولیس حراست سے فرار ہونے کا بھی الزام ہے۔اس سے قبل اورنگ آباد پولیس نے انل سنگھ کی رہائش گاہ پر اتوار کو اشتہار چسپاں کر کے انہیں فوری طور پر خود سپردگی کرنے کی تنبیہ کی تھی۔ دریں اثنا اورنگ آباد شہر کے حالات اب آہستہ آہستہ معمول پر آ رہے ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ رام نومی کے موقع پر نکالی گئی شوبھایاترا کے دوران پرتشدد معاملہ میں پولیس اب تک سو سے زائد افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ معاملہ میں نامزد کئے گئے 148 افراد میں سے انل سنگھ کلیدی ملزمان میں سے ایک ہے۔